نئی دہلی، 26؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کے روز ای ڈی کے ذریعہ جانچ کی جا رہی دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں عآپ لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی ضمانت عرضی پر اپنا فیصلہ ملتوی کر دیا۔ راؤز ایوینیو کورٹ کے اسپیشل جج ایم کے ناگپال اب 28 اپریل کو فیصلہ سنائیں گے۔ انھوں نے 18 اپریل کو سسودیا کی ضمانت عرضی پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور 26 اپریل کو فیصلہ سنانے کی بات کہی تھی۔
عدالت نے ایک دن پہلے اس معاملے میں سسودیا کی عدالتی حراست کو دو ہفتے کے لیے بڑھا دیا تھا۔ ای ڈی نے پہلے جج کے سامنے یہ بات رکھی تھی کہ سسودیا نے یہ دکھانے کے لیے بنائے ہوئے ای میل دکھائے تھے کہ پالیسی کو عوامی منظوری تھی۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا کہ اِن پری-ڈرافٹ ای میل کو بھیجنے کی ہدایت دہلی اقلیتی کمیشن کے سربراہ ذاکر خان کو دیئے گئے تھے جنھوں نے اپنے انٹرن سے ای میل بھیجنے کے لیے کہا تھا۔
جانچ ایجنسی نے عدالت کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ سسودیا کے خلاف جانچ پوری کرنے کے لیے دیئے گئے 60 دن ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں۔ اس نے کہا کہ اسے مبینہ گھوٹالے میں سسودیا کے ملوث ہونے کے اشارے دینے والے نئے ثبوت ملے ہیں اور جانچ اہم مرحلہ میں ہے۔